کراچی (تشکر نیوز): سندھ حکومت نے سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے "تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری” شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اجلاس صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن آف کراچی ٹوئر آپریٹرز کے اراکین نے شرکت کی۔
تقسیم برصغیر سے کراچی آنے والے باری ماموں کا دعویٰ: سلمان خان کے والد ان کے پھوپھا زاد بھائی ہیں
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کیا جائے گا، جس کا روٹ کراچی سے کھوکھراپار تک ہوگا۔ اس دوران شرکاء کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، چھور اور کھوکھراپار کے مختلف ثقافتی و سیاحتی رنگوں کا مشاہدہ کریں گے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری سندھ کی ثقافت اور سیاحت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مثالی قدم ہوگا۔ مزید برآں، تھرپارکار میں جیپ ریلی کے انعقاد کا بھی جلد منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
اسی دوران، لاڑکانہ میں 15 فروری سے دو روزہ لاہوتی فیسٹیول کا انعقاد محکمہ ثقافت و سیاحت کے تعاون سے کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے ٹوئر آپریٹرز اور کمپنیز کو سندھ کے سیاحتی مقامات پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا اور کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ حکومت سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔