پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے سندھ حکومت کی ترجمان سیدہ تحسین عابدی نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر تحسین عابدی نے سندھ حکومت کا ترجمان مقرر کیے جانے پر فریال تالپور کا شکریہ ادا کیا اور صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن پر عمل کرنے کا عہد کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ڈپٹی کمشنر آفس کیماڑی کا اچانک دورہ، افسران کی غیر حاضری پر برہمی
ملاقات کے دوران تحسین عابدی نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے نتائج پر عوامی تحفظات اور بچوں کے مسائل سے فریال تالپور کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ سے ملاقات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر امتحانی نتائج کی اسکروٹنی کے لیے فیس معاف کر دی گئی ہے اور اس عمل کو صاف اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
تعلیم کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تحسین عابدی نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت کاپیاں اور کتابیں تقسیم کی جا رہی ہیں، جس سے تعلیم عام ہو رہی ہے۔
اجلاس میں شہر میں بچوں کے اغوا کے واقعات اور ان کی روک تھام پر بھی بات چیت کی گئی۔ تحسین عابدی نے بتایا کہ سندھ حکومت ان واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کیے ہوئے ہے اور جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات سے وہ وقت دور نہیں جب ہر شہری کے دل سے خوف ختم ہو جائے گا۔