کراچی: تشکر نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ ریٹ لسٹ پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کو فوری طور پر گرفتار کریں۔
سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ اور وزٹ ویزا کے حامل مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری، گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی
کمشنر کراچی نے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ سرکاری پرائس لسٹ سے زائد قیمتوں پر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے دکانداروں کی دکانیں بھی سیل کی جائیں جو مہنگی اشیا فروخت کرنے میں ملوث ہوں۔
یہ ہدایات اس وقت جاری کی گئیں جب گزشتہ چند روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ تشکر نیوز کے مطابق، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 300 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، جس کے باعث کراچی میں چکن 740 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق، زندہ مرغی کی قیمت 410 روپے مقرر تھی، لیکن ہول سیل مارکیٹ میں یہ 480 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ انڈوں کی سرکاری قیمت 300 روپے فی درجن مقرر تھی، لیکن یہ 380 روپے فی درجن میں فروخت کیے جا رہے تھے۔
کمشنر کراچی نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سختی سے قانون پر عمل درآمد کروایا جائے گا، اور ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔