کراچی (تشکر نیوز): کراچی کی انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی تجاوزات کو ترجیحی بنیادوں پر ہٹائیں جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
ملیر کے ہیلتھ افسران پر کروڑوں کی کرپشن کے الزامات، اینٹی کرپشن نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا
تمام ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو اپنے اپنے اضلاع میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی ہے۔ مختلف ڈپٹی کمشنرز نے فٹ پاتھ، سروس روڈ اور سڑکوں پر تجاوزات کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر بلال علوی کی قیادت میں شاہراہ قائدین پر نورانی کباب ہاؤس کے خلاف کارروائی کی گئی، جس نے سروس روڈ پر تجاوزات قائم کر رکھی تھی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں نورانی کباب ہاؤس کی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا، جس سے نہ صرف سڑک کی ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت ملی۔
ڈپٹی کمشنر شرقی نے مزید ہدایت دی ہے کہ ہٹائی جانے والی تجاوزات پر دوبارہ قابض ہونے کی کوششوں کو سختی سے روکا جائے، تاکہ عوام کو دوبارہ مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
یہ کارروائیاں کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ہیں، اور انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری لائی جائے اور عوامی سہولت کے لیے اقدامات کیے جائیں۔