کراچی کا امن پاکستان کی ترقی سے جڑا ہوا ہے، احتجاج کی آڑ میں بدامنی ناقابل قبول: علی خورشیدی

کراچی (تشکر نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کراچی کے امن سے وابستہ ہے۔ کراچی میں حالیہ دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر کے پی کے حکومت اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر توجہ دیتی اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرتی تو نہ کراچی کے عوام کو تکلیف اٹھانی پڑتی اور نہ ہی پارا چنار میں بدامنی ہوتی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کی زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت: مکمل تعاون کی یقین دہانی

ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے تھی، لیکن وہ ناکام رہی۔ احتجاج سب کا بنیادی حق ہے، مگر احتجاج کی آڑ میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی طور قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بدامنی پھیلانے والی تیسری قوت کو ہرگز فائدہ نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن ایم کیو ایم پاکستان کے لیے سب سے اہم ہے، جس کے لیے بے شمار قربانیاں دی گئی ہیں۔ امن قائم کرنے میں ایم کیو ایم، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ پولیس ہماری بھی پولیس ہے اور ان پر کسی قسم کے حملے قابل قبول نہیں ہوں گے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ایم کیو ایم نے بہت محنت کی ہے اور اس اتحاد کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی معاشی، سیاسی اور اقتصادی افادیت سے انکار کرنے والا کوئی بھی محب وطن نہیں ہو سکتا۔ کراچی کا امن ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ اس قسم کے احتجاج کی نوبت نہ آئے، اس کے لیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔

پریس کانفرنس میں دیگر اراکین سندھ اسمبلی بھی موجود تھے اور ایم کیو ایم کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ کراچی کے امن و امان کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

61 / 100

One thought on “کراچی کا امن پاکستان کی ترقی سے جڑا ہوا ہے، احتجاج کی آڑ میں بدامنی ناقابل قبول: علی خورشیدی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!