کراچی (تشکر نیوز) پرانا ٹانگہ اسٹینڈ صدر کے قریب اے ایس آئی عمران گجر کی قیادت میں پولیس پارٹی نے کامیاب چھاپہ مار کر 20 کروڑ روپے کی ڈکیتی، مولانا ضیاء الرحمن کے قتل، اور سی ٹی ڈی اہلکاروں سے پولیس مقابلے میں ملوث بدنام زمانہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے تصدیق کی کہ ملزم کا تعلق کراچی کے بدنام زمانہ بنگش ڈکیت گروپ سے ہے۔
کراچی کا امن پاکستان کی ترقی سے جڑا ہوا ہے، احتجاج کی آڑ میں بدامنی ناقابل قبول: علی خورشیدی
ملزم کی جرائم کی تفصیلات
مولانا ضیاء الرحمن کا قتل: ملزم نے دوران ڈکیتی شاہراہ فیصل کی حدود میں مولانا ضیاء الرحمن کو قتل کیا تھا۔ ایف آئی آر نمبر 688/2023 میں ملزم مفرور تھا۔
کرسچن کمیونٹی کے لڑکے کا قتل: ملزم نے 2022 میں ملیر کینٹ کے علاقے میں فائرنگ کر کے جون نامی لڑکے کو قتل کیا۔ ایف آئی آر نمبر 488/2022 تھانہ ملیر کینٹ میں درج ہے۔
20 کروڑ کی ڈکیتی: ملزم نے میٹھادر تھانے کی حدود میں SOS کمپنی کی کیش وین اغواء کر کے 20 کروڑ لوٹ لیے۔ ایف آئی آر نمبر 280/2021 میں اشتہاری تھا۔
سی ٹی ڈی سے پولیس مقابلہ: ایف آئی آر نمبر 164/2023 میں ملزم سی ٹی ڈی کے اہلکاروں سے مقابلے کے الزام میں مفرور تھا۔
گروہ کی تفصیلات
ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ملزم کا گروہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور بڑی وارداتوں کے حوالے سے خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ گروہ کے کئی ساتھی ملک سے باہر ہیں جبکہ دیگر جیل میں موجود ہیں۔
پولیس کی تعریف اور انعام کا اعلان
ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔ کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور کیش انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
