کراچی (تشکر نیوز) لیاقت نیشنل لائبریری کراچی میں سیدہ خدیجۃ الکبریٰ عہ کی مقدس زندگی اور دینِ اسلام کی تبلیغ میں ان کے نمایاں کردار پر مبنی کتاب "حیاتِ مقدسہ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ عہ” کی شاندار تقریبِ رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب محکمہء ثقافت سندھ اور کراچی ایڈیٹرز کلب کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جس میں محقق اور مصنف زوار عبدالستار درس کی تازہ ترین تصنیف کو بھرپور پذیرائی ملی۔
دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ، دیہی و شہری علاقوں پر اثرات
تقریب کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک سے روح پرور ماحول پیدا کیا گیا، جس کی سعادت ڈاکٹر سعید طالبینیا کے فرزند نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض آغا شیرازی نے انتہائی عمدہ انداز میں انجام دیئے۔ مقررین نے سیدہ خدیجۃ الکبریٰ عہ کی شخصیت کو اسلام کی تاریخ کا ایک عظیم باب قرار دیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں اور خدمات کے بغیر دینِ حق کی حقیقی تصویر مکمل نہیں ہو سکتی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید طالبینیا، منور علی مہیسر، سید منظر نقوی، زوار عبدالستار درس، مبشر میر اور زوار نیاز حسین لغاری نے کہا کہ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ عہ نے اپنی بے مثال دولت اور قربانیوں کے ذریعے دینِ اسلام کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ حضور اکرم ﷺ نے ان کی خدمات اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھا اور ان کی وفات کے سال کو "عام الحزن” یعنی غم کا سال قرار دیا۔
زوار عبدالستار درس کی کتاب کو شرکاء نے بے حد سراہا اور اسے تحقیق و ادب کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ مصنف نے سیدہ خدیجۃ الکبریٰ عہ کی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں کو مختصر لیکن جامع انداز میں اجاگر کیا ہے، جس کے باعث یہ تصنیف قارئین کے لئے ایک علمی خزانہ ثابت ہوگی۔
تقریب میں محققین، ادیبوں اور ثقافتی شخصیات سمیت سینکڑوں شرکاء نے شرکت کی اور مصنف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔