تشکر نیوز: کراچی: ضلع کیماڑی کے تھانہ اتحاد ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اتحاد ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں سرگرم تین رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول، وارداتوں میں چھینے گئے 6 موبائل فون، اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
کراچی: اسکول پر قبضے کی کوشش ناکام، 10 افراد گرفتار
گرفتار ملزمان کی شناخت اعجاز، عبدالصمد، اور باسط کے ناموں سے ہوئی ہے۔ برآمدہ موٹر سائیکل تھانہ اقبال مارکیٹ کے مقدمہ نمبر 377/24 میں دفعہ 381A کے تحت چوری کی گئی تھی۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن انسپکٹر ایاز خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے دو روز قبل آفریدی چوک کے قریب چار افراد سے کیش اور موبائل فون چھیننے کی واردات کی تھی، جس کا مقدمہ نمبر 638/24 دفعہ 397/34 کے تحت تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج تھا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی مزید متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔