کراچی (تشکر نیوز): پاکستان رائٹرز اینڈ تھنکرز فورم کے زیر اہتمام ترکیہ کی جمہوریہ کی 101 سالگرہ کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں ترکیہ کے قونصلیٹ جنرل جمال سانگو، واحد اصغری (فرسٹ قونصل ایران)، ایچ ای روسلان، ایم پروکروف (نائب قونصل جنرل روس) اور فضل کریم دادا بھائی (اعزازی قونصل جنرل) نے شرکت کی۔
کراچی میں چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی، پولیس کی کامیاب کارروائی
ترکیہ کے قونصلیٹ جنرل جمال سانگو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ سمندروں سے گہرا اور K2 سے اونچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک قوم کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہماری محبت لفظوں کی محتاج نہیں ہے۔ پاکستان کی ہر خوشی ہماری خوشی اور ہر غم ہمارا غم ہے، یہ رشتہ الفاظ سے بیان نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ برے وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور مصیبت میں اپنے بہن بھائیوں کے لیے ہمدردی، محبت اور یکجہتی کے جذبات ہمارے تعلقات کی ایک لازوال داستان کی عکاسی کرتے ہیں۔ ترکیہ پاکستان میں تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔
قونصل جنرل جمال سانگو نے پاکستان رائٹرز اینڈ تھنکرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر رشید جمال کا شکریہ ادا کیا، جو دونوں اقوام کی مشترکہ میراث کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔
پاکستان رائٹرز اینڈ تھنکرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر رشید جمال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات نہ صرف قدیم بلکہ مضبوط ہیں، یہ تعلقات مشترکہ ثقافت، مذہب اور روحانی ورثے سے جڑے ہوئے ہیں جو وقت، جغرافیہ اور سیاست سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کی آزادی کی جدوجہد غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں کامیاب ہوئی، اور اب صدر طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ عالمی سطح پر معاشی ترقی اور باہمی امن کے اہداف کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر جعفر احمد، پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، بیرسٹر شاہدہ حسن اور فاروق افضل نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔