کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور ٹاؤن چیئرمین علی اکبر کے ہمراہ میوہ شاہ روڈ کی کارپیٹنگ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
میئر کراچی کا مختلف سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ، فوری اپگریڈ کرنے کے احکامات
اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شوکت بلوچ، یوسی چیئرمین علی رضا رند، وائس چیئرمین عبدالستار بلوچ، ٹاؤن کونسلر اقبال، اور پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے معیار اور کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کام عوامی امنگوں کے مطابق کیا جائے، کیونکہ عوامی مسائل کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میوہ شاہ قبرستان آنے جانے والے شہریوں کو دشواری کا سامنا تھا، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس روڈ کی تعمیر یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام تعمیراتی کاموں کے حوالے سے اپنی تجاویز دینا چاہیں تو انتظامیہ ان تجاویز کی روشنی میں مزید بہتر انداز میں خدمات فراہم کرے گی۔
اس موقع پر چیئرمین مورڑو میربحر ٹاؤن نے میئر کراچی کو یقین دہانی کرائی کہ تمام ٹاؤن کے افسران ایک ٹیم کی طرح عوامی مسائل کے خاتمے کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور بھرپور تعاون کریں گے۔