(تشکر نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گلشن اقبال میں نو تزئین شدہ عزیز بھٹی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے مختلف مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں کراچی کے عوام کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت ہونے کے باوجود مسائل کا بوجھ سندھ حکومت اور کراچی کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانی ضائع کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جا رہی ہے اور جلد ایسے عناصر کے نام بھی سامنے لائیں گے جو شہر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ 2024 کراچی کے لیے امید کی کرن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کو مالی طور پر مستحکم کیا گیا ہے اور شہر میں عوامی منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ عزیز بھٹی پارک میں سبزیوں کے درخت لگا کر ویجی ٹیبل گارڈن بنایا گیا ہے اور پانچ ہزار ماحول دوست درخت لگائے گئے ہیں۔ پارک کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ اربن فاریسٹ اور فوڈ فاریسٹ بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کو جلد عوام کے لیے کھولا جائے گا، جبکہ کورنگی کازوے کے برج پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے ان کے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ "چندے پر چلنے والی جماعت کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آ رہے ہیں؟”
مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو مشورہ دیا کہ ایم کیو ایم کے اراکین کو سمجھائیں کہ لیاری اور ملیر ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کی مخالفت نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان راستوں پر ٹریفک چلنے سے مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے کراچی کے عوام کو یقین دلایا کہ کے ایم سی کے تمام اقدامات کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے اور شہر میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔