کراچی (تشکر نیوز): ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ایجنٹ سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں حسیب احمد، قیصر احمد، عثمان علی، اور عبدالشکور شامل ہیں۔
پاراچنار کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، حکومت کی نااہلی پر مجلس وحدت مسلمین کا شدید ردعمل
ملزمان کا تعلق فیصل آباد، چنیوٹ، گجرانوالہ، اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ انسانی اسمگلر عبدالشکور نے پولینڈ بھجوانے کے نام پر فی فرد 14 لاکھ روپے کے معاہدے کیے اور 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس وصول کیے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان کو غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان کے راستے پولینڈ پہنچانے کی سازش کی گئی تھی۔ انسانی اسمگلر عبدالشکور کے موبائل فون سے اہم شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں، جن میں آذربائیجان میں مقیم بھارتی ایجنٹ گوتم شرما کے ساتھ رابطے کے ثبوت شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم عبدالشکور نے دیگر ملزمان کے آذربائیجان کے ویزے شانگلہ ہل کے زم زم ٹریول سے حاصل کیے۔ بھارتی ایجنٹ گوتم شرما نے ملزمان کو غیر قانونی طریقے سے پولینڈ بھجوانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
تمام گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تحقیقات جاری ہیں۔