کراچی، 19 دسمبر 2024: ناظم آباد کے معززین اور شہریوں نے بغدادی ہاؤس پر چیئرمین یونائیٹڈ مسلم فورم آصف رضا قادری سے ملاقات کی اور شہر کراچی میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معززین نے شہر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی کو لاوارث بنا دیا گیا ہے، شہر کے باسیوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے اور انہیں بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔
آل فارمرز آئی جیز کی آٹھویں سالانہ تقریب میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا خطاب
آصف رضا قادری نے ملاقات کے دوران کہا، "عوامی مسائل کے حل کے لیے ہم ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ حکومت کی غفلت کے باعث عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو کہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، "گیس، بجلی کے بعد پانی کا بحران شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رہا ہے۔ شہر میں ٹینکرز مافیا کا راج ہے اور پانی چوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔”
انجینئر ارشد محفوظ قادری نے کہا کہ شہر کراچی میں حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے، جب کہ اویس اقبال اور جبران قریشی نے کہا کہ کراچی کو کربلا میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور حکومت کو شہر کو پاکستان کا حصہ سمجھنا چاہیے، کیونکہ کراچی کے عوام لاوارث نہیں ہیں۔
اس موقع پر شہری حقوق کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا اور آصف رضا قادری نے یقین دہانی کرائی کہ یونائیٹڈ مسلم فورم عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے فعال کردار ادا کرے گا اور ہر فورم پر آواز بلند کرے گا تاکہ عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔
ملاقات میں انجینئر ارشد محفوظ قادری، اویس اقبال، جبران قریشی، رانا جاوید سیفی، سید رمیز رضا اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔