اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر پیدا کرنا ضروری ہے کیونکہ ہمارا ملک مغربی میڈیا کی جانب سے بہت زیادہ غلط سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات ہر مسئلے کا حل ہیں اور یہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن کی حکومت پر شدید تنقید، معاہدے پورے نہ ہونے پر حکومت میں رہنے کا کیا فائدہ؟
عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے، جیسے موئن جو دڑو، گندھارا اور بدھ مت۔ لیکن انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کا تاثر دنیا میں غلط ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام امن پسند اور دوستانہ مزاج کے حامل ہیں، اور ہماری مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مسئلہ اس کا غلط تاثر ہے، اور ملک کی ثقافت اور قدرتی وسائل کی مزید تشہیر کی ضرورت ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے عالمی سطح پر کئی غیر ملکی وفود کی میزبانی کی ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اپنی ثقافت کے ذریعے دنیا کو برادشت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے، اور ہر مسئلہ مذاکرات کے بغیر حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت اور مذہبی عدم برداشت کی کوئی جگہ نہیں ہے، اور وہ ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اختلافات کو حل کرنے کا بہترین طریقہ بات چیت ہے۔