پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئی تاریخ رقم کرلی، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا۔
پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5.2 شدت کا زلزلہ
جمعرات کو کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر گیا۔
دن بھر کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ جاری رہا، ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 540 پوائنٹس کی نئی حد پر بھی گیا تاہم کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس813 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 82 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بےیقینی میں کمی کے بعد بدھ کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک- کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔