اسلام آباد: بیلاروس کا 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، جس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف، وزیر توانائی اور دیگر 8 وزرا شامل ہیں۔ وفد کے 43 ارکان تاجربرادری سے تعلق رکھتے ہیں، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔
بیلاروس کا 68 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم
پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا اور بیلاروس کے وزیر خارجہ اور وزیر توانائی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے یورپ شفقت علی خان بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کا متوقع دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید مضبوطی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اس تاریخی دورے کا انتظار کر رہے ہیں اور پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ وفد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات میں نئی پیش رفت کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
دورے کے دوران، بیلاروس کے وفد کو پاکستانی حکام کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔