راولپنڈی: ملائیشین فضائیہ کے سربراہ جنرل اصغرخان بن گوریمان خان نے پاکستان کا پہلا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری اور تکنیکی ترقی کی کامیابیوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل اصغرخان بن گوریمان خان نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر نے مضبوط دو طرفہ دفاعی تعلقات پر زور دیا اور ملائیشین فضائیہ کے سربراہ کے پہلے دورے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایئرچیف نے فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں اور تکنیکی شراکت داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق، ایئرچیف نے ملائیشین ایئر فورس کے اہلکاروں کو ٹیکنیکل لیول ٹریننگ فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی بات کی۔ جنرل اصغرخان نے پاکستان کی فضائیہ کی خود انحصاری اور تکنیکی ترقی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ان کے معیار اور پیشرفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔