کراچی (تشکر نیوز) – چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر 02 گلشن سعید کے یوسی آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین احمر خان، یوسی وائس چیئرمین فیضان قریشی، یوسی سیکریٹری ایاز الرحمن، یوسی اراکین، اور مختلف بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے انفرا اسٹریکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی دفاتر کی تزین و آرائش بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی 13 یونین کونسلز کی عمارتوں کی حالت خستہ ہوچکی تھی، جن میں سے پانچ یونین کونسلز کے دفاتر کی حالت سب سے زیادہ خراب تھی۔ تاہم، یونین کمیٹی نمبر 02 گلشن سعید کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کی محنت سے آفس کی تزین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد یہ دفتر ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی انتھک محنت اور عوامی خدمت کا جذبہ انہیں کامیابی کی طرف لے کر جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے بلدیاتی مسائل جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
یوسی چیئرمین احمر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اس دفتر میں آئے تو یہاں کی حالت بہت خراب تھی، مگر جماعت اسلامی کے نمائندوں نے اپنے علاقے کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، جن میں پینے کے پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی تبدیلی، سڑکوں کی مرمت و تعمیر، گلیوں میں پیور بلاک کا کام اور علاقے کی روشنائی کے لیے اسٹریٹ لائٹس کا انتظام شامل ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین محمد یوسف نے منتخب نمائندوں اور یوسی اراکین کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔