تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
دکاندار موبائل اور موبائل ایسیریز کے کارٹن موٹر سائیکل پر رکھ کے لے جا رہے تھے کہ ڈاکو ان سے بچ جانے والا سامان چھین کر فرار ہو
کراچی ( 26 دسمبر 2023ء ) کراچی میں چوروں نے صدر موبائل مارکیٹ میں آگ سے متاثرہ دکانداروں کو بھی نہ بخشا اور لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی سے کئی دکانیں جل گئیں اور تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی مارکیٹ کے دکاندار گھروں سے اپنی اپنی دکانوں پر پہنچے اور دکانوں سے سامان نکالنے کی کوشش کی اسی دوران ڈاکو بھی وہاں پہنچے اور دکھ کے لمحات میں صدمے سے دوچار دکانداروں سے لوٹ مار کی۔صدر الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسییشن رضوان عرفان کا کہنا ہے آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹ کے دکاندار موبائل اور موبائل ایسیریز کے کارٹن موٹر سائیکل پر رکھ کے لے جا رہے تھے کہ ڈاکو ان سے بچ جانے والا سامان چھین کر فرار ہو گئے۔
قبل ازیں چیئرمین الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن منہاج گلفام نے کہا ہے کہ صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا، آتشزدگی کے باعث شاہ جہان مارکیٹ، بسم اللّٰہ مارکیٹ اور اس سے متصل مارکیٹ میں بھی آگ لگی، مارکیٹ میں تنگ گلیوں کی وجہ سے آگ پھیلی اور مارکیٹ میں دکان کے ساتھ دکان ملی ہوئی ہے جس کی وجہ سے آگ سے زیادہ نقصان ہوا۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 10 گاڑیوں کی مدد سے موبائل مال کی آگ پر قابو پایا گیا جہاں اب کولنگ کا عمل جاری ہے، اس دوران خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آتشزدگی کے سبب دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا، تاہم صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ خیال رہے کہ کراچی میں پچھلے چند دنوں کے دوران آگ لگنے کے متواتر واقعات پیش آئے ہیں جہاں آتشزدگی کا ایک افسوسناک واقعہ کراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں پیش آیا جہاں آگ لگنے کے باعث دم گھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔