تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

چوہدری نعیم ابراہیم کے خلاف پلاٹ پر قبضہ کرنے کا مقدمہ درج ہے‘ 27 دسمبر تک حفاظتی ضمانت پر تھے

ملتان ( 26 دسمبر 2023ء ) تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نعیم ابراہیم کو ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم پی اے چوہدری نعیم ابراہیم کو گرفتار کیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما کو شارجہ سے واپس آتے ہوئے ملتان ائیرپورٹ پر حراست میں لیا گیا، چوہدری نعیم کے خلاف پلاٹ پر قبضہ کرنے کا مقدمہ درج ہے جس کے تحت انہیں گرفتار کیا گیا، سابق ایم پی اے 27 دسمبر تک حفاظتی ضمانت پر تھے، انہوں نے عام انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروائے۔ادھر گوجرانوالہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی پی ٹی آئی امیدوار سمجھ کر گرفتار کر لیا گیا، پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز احمد چوہدری کاغذات نامزدگی کی وصولی کے لیے میونسپل کارپوریشن گجرانوالہ پہنچے تو وہاں پر موجود پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا کہ یہ پی ٹی آئی کے لیے کاغذات نامزدگی وصولی کے لیے آئے ہیں اور ایس ایچ او کے پاس لے گئے تاہم امتیاز چوہدری کی جانب سے پیپلز پارٹی سے تعلق بتانے پر انہیں رہا کر دیا گیا۔

امتیاز چوہدری نے رہائی کے بعد کہا کہ انتخابات غیر جانبدار نہیں ہوں گے بلکہ مسلم لیگ ن کو نوازا جا رہا ہے، اسی بنا پر ہم الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہیں اور میں پارٹی قیادت سے استدعا کرتا ہوں کہ وہ این اے 81 اور پی پی 68 میں کسی اور کو ٹکٹ جاری کردے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے ریاست سے گرفتار کارکنوں کو معاف کرنے کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ مراد سعید اور شہریار آفریدی نے ہمیشہ ریاستی اداروں کے دفاع کی بات کی، انہیں بھی الیکشن لڑنے کا موقع فراہم کیا جائے، اگر کوئی پارٹی چھوڑ کر جانا چاہتا ہے تو وہ اپنی مرضی سے جائے، جو اپنی مرضی سے نہیں گیا تو ان کی واپسی کا طریقہ کار بانی پی ٹی آئی عمران خان طے کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!