روپوش پی ٹی آئی رہنما جمشید دستی منظر عام پر آگئے‘ حفاظتی ضمانت منظور

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

ملتان ( 26 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی منظر عام پر آگئے، حفاظتی ضمانت منظور ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف مظفر گڑھ پولیس کو تھانہ صدر میں قائم ایک مقدمہ میں مطلوب ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جارہے تھے، ہراساں کیے جانے پر روپوش جمشید دستی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جس پر لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما جمشید دستی کی 2 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی ہے، جمشید دستی اپنے وکیل کے ہمراہ حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں پیش ہوئے، جہاں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جمشید دستی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ مجھے ہمیشہ ظلم کے خلاف کھڑے ہونے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، ضمانت کے بعد اپنے حلقہ میں جاکر انتخابی مہم چلاؤں گا۔

معلوم ہوا ہے کہ اس بار مظفرگڑھ سے سابق ایم این اے جمشید دستی کی اہلیہ نازیہ جمشید بھی سیاسی میدان میں آچکی ہیں، نازیہ جمشید نے مظفرگڑھ میں این اے175 اور این اے 176 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ان کو ریٹرننگ آفیسر نے جمع شدہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے لیے 27 دسمبر کی تاریخ دی ہے۔واضح رہے کہ جمشید دستی نے رواں سال پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، اس مقصد کے لیے مظفر گڑھ سے سابق ایم این اے جمشید دستی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں سیاسی اور انتخابات کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس موقع پر سابق ایم این اے جمشید دستی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، عمران خان کی جانب سے جمشید دستی کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا جب کہ جمشید دستی نے پی ٹی آئی کی حقیقی آزاد ی کی تحریک اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!