اسلام آباد: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں 7 جوان شہید اور 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
وی پی این پر اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلے پر سوالات اور تنقید
صدر آصف علی زرداری نے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِاعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بلوچستان میں بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے عوام اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر حملہ قابلِ مذمت ہے اور ایسے حملے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات دہشت گردوں نے قلات کے علاقے شاہِ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ اس دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ اس فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔