تشکر نیوز: حکومت سندھ نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن اور آئس برآمد کر لی۔ سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس ونگ نے کراچی میں منشیات فروشوں کے ایک نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
ضمنی الیکشن: پیپلز پارٹی کی ڈسٹرکٹ کورنگی میں شاندار کامیابی
تفصیلات کے مطابق، کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں نشاط کمرشل کے قریب ایک فلیٹ پر کئی روز کی نگرانی کے بعد کارروائی کی گئی، جہاں سے تین ملزمان جاوید خان، ناظم ناصر، اور احمد رضا کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 7 کلو ہیروئن اور 3 کلو اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد کر لی۔
گرفتار ملزمان میں جاوید خان ٹریول ایجنسی کا ایجنٹ ہے، ناظم ناصر بلڈر کے طور پر کام کرتا ہے، جبکہ احمد رضا مختلف چھوٹے کاروبار کرتا ہے۔ ملزمان کے موبائل فونز سے منشیات کی خرید و فروخت کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے انکشاف کیا کہ ملزمان غیر ملکی سمز استعمال کرتے تھے اور ان کے نیٹ ورک میں بیرون ملک مقیم سرغنہ شامل ہے، جس کا کوڈ نیم "جورڈن” ہے۔
گرفتار ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا دوسرا ساتھی امجد خان خیبر پختونخوا کا رہائشی ہے، اور یہ گروہ ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، اور ملزمان سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔