کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے محکمہ سیکورٹی نے بلدیہ ٹاؤن کے دائود گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران 3 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کیا گیا۔ حب کینال کے اطراف میں پانی چوری کے لیے بنائے گئے گڑھوں اور تالابوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیے گئے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، پانی چور گڑھوں میں پانی ذخیرہ کرکے اسے ٹینکرز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں مہنگے داموں فروخت کرتے تھے۔ حب کینال کی جانب آنے والے تمام غیر قانونی راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ پانی چوری کی روک تھام کی جا سکے۔
یہ آپریشن چیف سیکورٹی آفیسر ریٹائرڈ کرنل انجم توقیر کی سربراہی میں کیا گیا، جس میں محکمہ سیکورٹی کے دیگر افسران سید سجاد شاہ، ثمر ہاشمی، اور فیصل جیلانی سمیت دیگر عملہ بھی شریک تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور اس سلسلے میں متعلقہ تھانے میں مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا کیونکہ پانی پر شہریوں کا حق ہے اور اسے چوری کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔