تشکر نیوز: ضلع کیماڑی کے اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منگھوپیر روڈ بڑا بورڈ کے علاقے سے دو مسلح ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیرقانونی پستول بمعہ ایمونیش اور تھانہ فیروز آباد میں درج مقدمہ نمبر 625/24 بجرم دفعہ 381A کی مسروقہ ہنڈا 125 موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔
کراچی میں ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو اغوا کرنے والی سہولت کار گرفتار
گرفتار ملزمان کی شناخت شعیب عرف سہیل اور چنگیز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کے انچارج سب انسپکٹر راجہ خالد نے اسٹاف کے ہمراہ یہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا۔
ملزمان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ کراچی کے مختلف اضلاع سے موٹرسائیکلیں چوری کرکے حب، بلوچستان میں فروخت کرتے تھے۔ دونوں ملزمان کا کرمنل ریکارڈ پہلے سے موجود ہے، اور وہ ماضی میں پولیس مقابلہ، اقدام قتل، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمات میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔
ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 10 مقدمات درج ہیں، جبکہ شعیب عرف سہیل ولد ابراھیم کا سابقہ ریکارڈ تھانہ ماڑی میں درج ایف آئی آر نمبر 231/11 کے تحت بجرم دفعہ 13/D، 353، 324، 186، اور 6/9 شامل ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔