تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفادات کو ذاتی مفادات پر فوقیت دینا ضروری ہے، کیونکہ ذاتی مفادات کو ترجیح دینا ایک خطرناک سوچ ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماوں کی تقلید ملکی مفاد میں ہو سکتی ہے، لیکن ملکی مفاد کے خلاف نہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا عنوان "پاکستان سعودی عربیہ کے تعلقات ماضی، حال اور مستقبل” تھا۔
کراچی: شاہراہ فیصل پر پارک ایوینیو بلڈنگ میں آتشزدگی، ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی
تقریب میں سعودی قونصل جنرل، معروف اسلامی اسکالر و چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ سعید غنی نے سعودی عرب کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مثالی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو دیگر ممالک سے بالکل مختلف ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان روحانی تعلق خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کی وجہ سے برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات میں بھرپور ساتھ دیا ہے، خاص طور پر زر مبادلہ کے مسائل میں اور آئی ایم ایف کے معاہدے میں درپیش مشکلات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سعودی عرب میں 26 سے 27 لاکھ پاکستانی برسر روزگار ہیں جو پاکستان کے لیے زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ پاکستان میں شنگھائی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، لیکن ملک دشمن عناصر اور دشمن ممالک اس کانفرنس کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر احتجاج کو معطل کریں اور ریاست کے مفاد میں پاکستان کا ساتھ دیں۔
انہوں نے حاجیوں کے مسائل کے حوالے سے بھی کہا کہ حج اور عمرہ اعلیٰ عبادات ہیں اور ان میں چھوٹے مسائل کو نظر انداز کر دینا چاہیے۔