تشکر نیوز: ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12.75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق، گذشتہ ہفتے 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 28 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگی ہونے والی اشیاء: پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ آٹے کا 20 کلو تھیلا 29 روپے مہنگا ہو گیا۔ ایل پی جی کا فی گھریلو سلنڈر 8 روپے مہنگا ہوا، جب کہ دال چنا، گڑ، جلانے کی لکڑی، آلو، گھی اور خوردنی تیل بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آئے۔
سستی ہونے والی اشیاء: دوسری جانب، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 29 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی، چینی کی قیمت میں فی کلو 2 روپے کمی ہوئی، اور زندہ مرغی فی کلو 4 روپے سستی ہوئی۔ مزید برآں، انڈوں کی قیمت فی درجن 81 پیسے کم ہوئی، جب کہ کیلا، دال ماش، دال مونگ اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔
یہ معمولی کمی شہریوں کو کچھ حد تک ریلیف فراہم کر رہی ہے، تاہم مہنگائی کا مجموعی اثر بدستور عوام کو متاثر کر رہا ہے۔