تشکر نیوز: شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 بہادر جوان شہید ہوگئے، جبکہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ یہ کارروائی 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کی گئی۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا اہم خطاب: دفاعی لکیر قائم کرنے کی ضرورت
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی، اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور علاقے میں کسی بھی بچ جانے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے عظیم قربانیاں دیں ہیں اور پوری قوم ان شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حکومت اور قوم متحد ہیں۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔