تشکر نیوز: ضلع وسطی کو پولیو سے پاک بنانے کی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے روٹری کلب انٹرنیشنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کراچی ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج نارتھ ناظم آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پولیو ورکرز کو خصوصی تعریفی اسناد اور ایوارڈز پیش کیے گئے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس روانہ
تقریب کے مہمان خصوصی، روٹری کلب انٹرنیشنل کے صدر ماریو مارٹن، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر عوامی مہم کی کامیابی فیلڈ ورکرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہوتی ہے، اور پولیو ورکرز نے ضلع وسطی میں پولیو کے خاتمے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو "اصل ہیرو” قرار دیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے کہا کہ "انشاءاللہ، ہم سب مل کر پاکستان اور سندھ سے جلد پولیو کے خاتمے میں کامیاب ہوں گے۔” انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ پیش کیے۔
اس موقع پر سندھ EOC کے کوآرڈینیٹر ارشاد سوڈر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر، ڈسٹرکٹ گورنر روٹری محمد رضوان سمیت متعدد اعلیٰ حکام اور پولیو ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ماریو مارٹن کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔