تشکر نیوز: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے تکنیکی اور انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم اغوا میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مغوی کو بازیاب کروا لیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق، 26 ستمبر کو بفرزون کے علاقے سے اغواکاروں نے کرولا گاڑی میں موجود مدد علی نامی شخص کو اغوا کیا تھا اور دو لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں کرولا گاڑی میں موجود تینوں اغواکاروں، ابراہیم، اصرار، اور احتشام کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار شدگان سے دو رائفلز، ایک 30 بور پستول اور چھینی ہوئی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار اغواکاروں میں سے دو، الغازی ویلفیئر آرگنائزیشن میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر ملازمت کر رہے تھے۔ اغواکاروں نے مدد علی کو ان کی گاڑی سمیت اغوا کیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کی گاڑی اور مغوی کی گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس نے اغواکاروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مغوی مدد علی کو بحفاظت ان کے گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی اس بروقت اور کامیاب کارروائی پر علاقے کے عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔