پاکستان رینجرز (سندھ) اور ضلع سٹی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے چاکیواڑہ لیاری سے ڈکیت گروہ کے سرغنہ امتیاز مغیری اور اس کے دو ساتھیوں محمد علی عرف محمد اور وسیم عرف ببلو کو ایک شہری سے ڈکیتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
ملک میں سونے کی قیمت میں 2500 روپے کا بڑا اضافہ، نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز، اور موٹرسائیکلیں چھینتے اور پھر یہ موٹرسائیکلیں واجد ابڑو اور ہوشیار ابڑو کو فروخت کرتے ہیں۔ سرغنہ امتیاز مغیری کے قریبی تعلقات منشیات فروش الطاف ابڑو عرف ثوبہ سے ہیں، جو فقیرہ گوٹھ میں منشیات کا اڈہ چلاتا ہے۔ الطاف اندرون سندھ اور کراچی سے چوری شدہ زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء فروخت کروانے کے ساتھ مجرموں کو پناہ بھی فراہم کرتا ہے۔ امتیاز مختلف گھروں کی ریکی کر کے ڈکیتی کی وارداتیں بھی کرواتا ہے۔
ملزم وسیم عرف ببلو نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کشمیر شیخ، اکرم شر عرف سائیں اور محمد علی کے ساتھ مل کر گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل فون چھیننے میں ملوث رہا ہے۔ وسیم شہر کے مختلف پارکنگ ایریاز اور گھروں کے سامنے کھڑی موٹرسائیکلیں ماسٹر چابی سے ان لاک کر کے چوری کرتا اور پھر انہیں واجد ابڑو اور ہوشیار ابڑو کو بیچتا تھا۔
محمد علی عرف محمد نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں جواد عرف جاوید، شبیر ابڑو، عارف مگسی، یوسف جسکانی اور سجاد عرف جانی کے ساتھ مل کر گلشن معمار اور لیاری ٹاؤن میں اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھینتا تھا۔ اس نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر پانچ افراد کو زخمی کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
ملزمان کے مزید انکشافات کے مطابق، انہوں نے جون 2024 میں فور کے چورنگی پر ایک دودھ کی دکان سے ڈھائی لاکھ روپے اور فقیرہ گوٹھ سے 15 تولہ سونا اور 10 لاکھ روپے لوٹے تھے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، اور دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے جرائم پیشہ افراد کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔