تشکر نیوز: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن، محمد یوسف نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن آفس، سیکٹر الیون اے نارتھ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیو کراچی ٹاؤن کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں میں نئے تعلیمی نصاب کی کتابیں اور اسکول بیگز تقسیم کیے۔ چیئرمین محمد یوسف نے نصابی کتابیں اسکول کے صدر معلمین و معلمات کے حوالے کیں۔
لیاقت آباد پولیس کی کارروائی: منشیات فروشی میں ملوث ملزمان گرفتار
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن حنین میؤ، صدر معلمین و معلمات، اساتذہ اور خواتین کونسلرز بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں روایتی نصاب سے ہٹ کر جدید علوم کو متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت کا اہم فریضہ سر انجام دیتے ہیں اور تعلیم انسان میں شعور اور اچھے بُرے کی تمیز پیدا کرتی ہے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم اور سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اسی سلسلے میں گزشتہ ماہ بلدیاتی اسکولوں میں نیا فرنیچر بھی مہیا کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دور میں سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے، کیونکہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور تعلیمی میدان میں بھی تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔ اساتذہ اور طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
چیئرمین نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش جلد شروع ہوگی، تاکہ طلباء ایک خوشگوار ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اساتذہ کی تربیت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کر رہے ہیں، تاکہ والدین اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں میں داخل کرانا پسند کریں۔
محمد یوسف نے اساتذہ پر زور دیا کہ تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے، تاکہ طلباء کی ذہنی اور جسمانی نشوونما بہتر ہو سکے۔