تشکر نیوز: میئر کراچی کی ہدایات کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں کی مرمت کا کام تاخیر کا شکار ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دو روز قبل میئر کراچی نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو سڑکوں کی فوری مرمت کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر اب تک مرمت کا کام شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔
ایم اے جناح روڈ پر جگہ جگہ گڑھے اور بغیر ڈھکن کے گٹر نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ ملیر ہالٹ کی مرکزی سڑک بھی مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ چکی ہے، جبکہ پاکستان چوک سے شاہین کمپلیکس تک آنے والی اہم شاہراہ پر بھی جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔
پریس کلب سے لکی اسٹار تک جانے والی سڑک بھی خراب حالت میں ہے۔ شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے، کیونکہ ان پر ٹریفک کا دباؤ دیگر سڑکوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، جس سے ٹریفک پولیس اور اہلکاروں کو ٹریفک کنٹرول کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میئر کراچی نے شہر کی ترقی کے حوالے سے ایک خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کو ترقیاتی بجٹ کی مد میں دس ارب سے زائد اور دیگر ٹیکسز کی مد میں تین سے سوا تین ارب روپے ملیں گے، جس کے بعد شہر کو درکار سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ تاہم، فی الحال شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کے کام کا آغاز کیا جائے تاکہ روزمرہ کی زندگی آسان بنائی جاسکے۔