تشکرنیوز: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے زیراہتمام عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سالانہ تقریب حمد و ثنا کا اہتمام کیا گیا، جس میں مسجد نبوی کے خادم غلام احمد شیخ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز غلام احمد شیخ کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد ملک کے معروف نعت خوانوں، واحد ظفر قاسمی، غلام محی الدین قادری، رئیس احمد، اور سید خالد حسین نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی دعوت اسلامی کے عالمی مرکز فیضان مدینہ آمد: میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں شرکت
تقریب میں شریک عاشقان رسول ﷺ نے نعت خوانی سے روحانی تسکین حاصل کی۔ مہمان خصوصی غلام احمد شیخ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عربی درود و سلام بھی پیش کیا، جس میں شرکاء نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی نے غلام احمد شیخ کی خصوصی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس تقریب کو ایس بی سی اے کے افسران اور ملازمین کے لیے باعث اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے اس روحانی اجتماع کے انعقاد پر میلاد مصطفیٰ کمیٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی استحکام، ادارے کی ترقی، اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔