کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک بھر، بالخصوص سندھ میں معاشی استحکام کے لیے کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنا پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تاجروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد، جس کی قیادت صدر رضوان عرفان کر رہے تھے، سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دیگر عہدیداران محمد فاروق اے بی، جاوید محمد علی اور سفیر بٹ بھی موجود تھے۔
سندھ حکومت نے چپ تعزیہ اور عید میلاد النبیﷺ پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی
رضوان عرفان نے صوبائی وزیر کو صدر اور اطراف کے علاقوں میں درپیش مسائل، بالخصوص سیوریج، صفائی ستھرائی، اور پارکنگ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر عبداللہ ہارون روڈ اور ریگل ایریا میں سیوریج کے بڑھتے مسائل کا ذکر کیا، جس کی وجہ سے تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ غیر قانونی پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں اور قانونی پارکنگ عملے کی جانب سے بھی دکانداروں اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سعید غنی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے مئیر کراچی اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں اور جلد ہی ان مسائل کا حل نکالا جائے گا۔
جاری کردہ: زبیر میمن، میڈیا کنسلٹینٹ وزیر بلدیات سندھ