تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ 12 ربیع الاوّل کے موقع پر جشن عید میلاد النبیؐ کی تیاریوں اور خدمات کی فراہمی کے لیے بھرپور انداز میں متحرک ہے۔ اس سلسلے میں صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اور روشنی کے خصوصی انتظامات پر کام تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن میں مختلف مساجد و مدارس کا دورہ کیا اور علماء کرام اور محافل کمیٹی کے اراکین سے ملاقاتیں کیں تاکہ 12 ربیع الاوّل کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔
کے الیکٹرک کے خلاف ایم کیو ایم کا بھرپور احتجاج، فاروق ستار کا سخت خطاب
چیئرمین محمد یوسف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عاشقانِ رسولؐ کے جلوس کی گزرگاہوں اور محافل کی جگہوں پر بلدیاتی خدمات، بالخصوص روشنی کے انتظامات اور سڑکوں کی مرمت کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اگر نبی اکرم ﷺ کی سیرت پر عمل کریں تو دنیا کی بہترین قوم بن سکتے ہیں، اور مسلمانوں کی ماضی کی عظمت بھی اسی سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہونے کا نتیجہ تھی۔
نیز، چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ ہر تہوار، جیسے کہ محرم الحرام یا عید میلاد النبیؐ، کے موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کی قیادت میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔