پاکستان رینجرز سندھ اور ضلع ایسٹ پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقوں سہراب گوٹھ اور گلشن معمار، گڈاپ ٹاؤن سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں جواد علی عرف جاوید عرف فرحان، سجاد علی عرف جانی، رب نواز عرف ربو اور عابد علی عرف فہد بنگالی شامل ہیں، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں میرٹ پر کارروائی ہوگی، دباؤ قبول نہیں کریں گے: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار
تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ چار مختلف گروہوں میں شامل ہیں، جو آپس میں مل کر ڈکیتی، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ ان گروہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 400 سے زائد ڈکیتی کی وارداتیں کیں، جن میں شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھیننے کے علاوہ 250 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر کے بلوچستان کے علاقے ساکران میں فروخت کی گئیں۔ ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر 12 سے 15 شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
یہ ملزمان عادی مجرم ہیں، اور ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 19 سے زائد ایف آئی آرز درج ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ضلع ایسٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ افراد کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، واٹس ایپ نمبر 10347900111 یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔