تشکر نیوز: وزیر داخلہ سندھ، ضیا لنجار نے واضح کیا ہے کہ کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور اس معاملے پر مکمل میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے کہا کہ کیس کی مزید کارروائی عدالت میں ہوگی اور پولیس کی جانب سے کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتاشا کیس میں پولیس اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹائے گی اور ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر چالان پیش کیا جائے گا۔
ناظم آباد ٹاؤن میں 24 انچ مین سیوریج لائن کی کامیاب مرمت، نکاسی آب کا نظام بحال
ضیا لنجار نے کہا کہ ڈاکو چاہے شہر میں ہوں یا دیہات میں، ان کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو شکارپور میں 27 مغوی تھے لیکن اب صرف ایک مغوی باقی ہے۔ کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور جہاں پانی کی قلت ہے، وہاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو کارساز روڈ پر نتاشا کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ملزمہ نتاشا اس وقت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے، اور اس کے خلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر امتناع منشیات ایکٹ کے تحت ایک نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں اے آر وائی نیوز نے ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر لائی تھی، جس میں انکشاف ہوا تھا کہ ملزمہ نشے میں تھی۔ رپورٹ کے مطابق، ملزمہ کے یورین میں میتھافیٹامائن آئس کی موجودگی پائی گئی۔ پولیس نے میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیس کو مزید تحقیقات کے لیے چند دن کے لیے روک دیا تھا، اور 18 اگست کو ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔