تشکر نیوز: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین، آفاق احمد، نے فوارہ چوک پر المناک حادثے کی جگہ کا دورہ کیا جہاں دو معصوم بچوں اور ایک پلمبر سمیت تین افراد حکومتی نااہلی کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ آفاق احمد نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہو کر صبر کی دعا کی۔
میانوالی: قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب بورنگ کے پانی کے حصول کے لیے تعمیر کیے گئے کنویں میں بچے گر گئے۔ وہاں موجود ایک بہادر پلمبر نے بچوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال دی اور رسی سے بندھ کر کنویں میں اتر گیا۔ بدقسمتی سے، راستے میں رسی ٹوٹ گئی اور پلمبر کنویں میں جا گرا۔ اس نے 15 پر کال کرکے مدد طلب کی، مگر پانچ گھنٹوں تک کوئی بھی ادارہ، بشمول فائر برگیڈ، موقع پر نہیں پہنچا، جس کے باعث بچے اور پلمبر بروقت مدد نہ ملنے پر جان کی بازی ہار گئے۔
آفاق احمد نے اس بہادر پلمبر کے جنازے میں بھی شرکت کی اور اس کے والد سے ملاقات کر کے تعزیت کی۔ انہوں نے پلمبر کی جواں مردی اور انسانیت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کرنا چاہیے اور اس حادثے کی تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
آفاق احمد نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس بہادر پلمبر کو قومی اعزاز سے نوازا جائے، تاکہ دوسروں کی جان بچانے کے لیے جان پر کھیل جانے والے ایسے جذبوں اور کرداروں کو پزیرائی ملے اور حوصلہ افزائی ہو۔