میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی ایک اور بزدلانہ کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق رات گئے دہشت گردوں نے قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، جس کا پولیس نے بھرپور قوت سے جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
6 ستمبر: فرض شناسی اور حب الوطنی کی درخشاں مثال
پولیس ترجمان کے مطابق اس حملے میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان اور ڈی پی او میانوالی اختر فاروق چیک پوسٹ قبول خیل پہنچے، جہاں انہوں نے حملے کو ناکام بنانے والے بہادر جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی جرات کو سراہا۔
چیک پوسٹ پر حملے کے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور ڈی پی او میانوالی اختر فاروق نے حملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے جدید اسلحہ، راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ کے ذریعے اچانک حملہ کیا، لیکن پولیس کے بہادر جوانوں نے ان کی بزدلانہ کارروائی کو ناکام بنا دیا۔