ڈی آئی خان حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 9 دہشت گرد گرفتار

تشکور نیوز رپورٹنگ،

حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن اور 6 دہشت گرد افغانستان سے آئے

ڈی آئی خان: صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت مجموعی طور پر 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے، اس حملے میں شریک 6 دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے، افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں میں ایک حسن عرف شاکر اور حملے میں ہلاک دوسرا خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت شامل ہے، صفت اللہ کے والد نے بیٹے کے امارت اسلامی افغانستان سے تعلق کی تصدیق کردی۔بتاتے چلیں کہ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خودکش حملے میں 25 سکیورٹی اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوئے تھے، ڈی آئی خان میں درابن سکول میں رہائش پذیر سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے رات 3 بجےحملہ کیا اور خود کش گاڑی سکول کیعمارت سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں عمارت گرگئی اور خود کش حملے میں 25 سکیورٹی اہلکار شہید و 16 زخمی ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ درابن سکول میں فورسز کے جوان رہائش پذیر تھے، دھماکے کے بعد دہشت گرد عمارت میں گھس گئے، اسی دوران دہشت گردوں نے سکول کے ساتھ واقع تھانہ درابن پر بھی حملہ کیا جہاں پولیس اور فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی۔اس حملے کے چند روز بعد ہی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے دوسرا حملہ کیا، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار ہوگئے، ڈی آئی خان میں کالی وانڈہ کی چونڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا گیا، ہائی الرٹ ہونے کے باعث پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کی وجہ سے دہشت گردوں نے فرار ہونے میں عافیت جانی، فائرنگ کے تبادلے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، ڈی آئی خان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر روانہ کرکے سیکورٹی کو مزید سخت کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!