پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے لیاری گینگ وار (کمانڈر ایاز زہری گروپ) سے وابستہ تین انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں فرحان عرف انڈین، سلمان عرف ملا عرف یسین، اور محمد حارث عرف کلی شامل ہیں، جو بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا وقت مکمل ہونے پر جے یو آئی (ف) کا تنظیمی ڈھانچہ ختم
تفصیلات کے مطابق، ملزم فرحان عرف انڈین 2011 میں لیاری گینگ وار (وصلی اللہ لاکھو گروپ) میں شامل ہوا اور 2014 تک بھتہ خوری، فائرنگ، اور 30 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث رہا۔ 2013 میں گرفتاری کے بعد اسے اے ٹی سی سے 19 سال اور سیشن کورٹ سے 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم ہائی کورٹ نے سزا کالعدم قرار دے کر اسے بری کر دیا تھا۔ 2024 میں فرحان دوبارہ لیاری گینگ وار کے کمانڈر ایاز زہری اور ارسلان پٹنی کے گروپ میں شامل ہو گیا، جہاں وہ بھتہ وصولی اور زیر تعمیر عمارتوں کی ریکی میں ملوث رہا۔
ملزم سلمان عرف ملا عرف یسین 2014 میں ایک مذہبی جماعت میں شامل ہوا اور بعد ازاں مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ 2024 میں وہ بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا۔ ملزم نے لیاری گینگ وار کے دیگر ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن فراہم کیا اور 24 جون 2024 کو پنجابی کلب کھارادر میں زیر تعمیر عمارت پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو اپنی موٹر سائیکل فراہم کی، جو بعد میں پولیس کے قبضے میں آ گئی۔
ملزم حارث عرف کلی حال ہی میں یوسف عرف موٹا کے بھتہ وصولی اور ڈکیتی کے گروپ میں شامل ہوا ہے۔ وہ مختلف مقامات پر فائرنگ کے منصوبوں میں بھی شریک رہا ہے۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں کسی بھی معلومات کے لیے قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347900111 یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر رابطہ کریں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔