تشکر نیوز: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان کے ہمراہ کلفٹن پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور سیوریج پمپنگ کا معائنہ کرتے ہوئے نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ترجمان میئر برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کراچی: بارش کے بعد اسپتالوں کے باہر پانی جمع، مریضوں کو شدید مشکلات
میئر کراچی نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کا عملہ شہر کی اہم شاہراہوں، بشمول شاہراہ فیصل، شاہراہ پاکستان، اور راشد منہاس روڈ، سے بارش کے پانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔ اس مقصد کے لیے سکشن اور جیٹنگ مشینوں سمیت بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ اور واٹر کارپوریشن سمیت تمام بلدیاتی ادارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے فعال ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارشوں کے دوران نالوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے اور واٹر کارپوریشن کی گاڑیاں نکاسی آب کے کام مکمل ہونے تک سڑکوں پر موجود رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔