تشکر نیوز: پاکستان، خصوصاً سندھ اور بلوچستان کی جیلوں میں برسوں سے مالی اور قانونی معاونت نہ ہونے کی وجہ سے قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والے بے گناہ قیدیوں کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ کے آفس کے تحت بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) اور لیگل رائٹس فورم کی مشترکہ کاوشوں کے تحت ان قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے گی جنہیں مالی یا قانونی وسائل کی کمی کی وجہ سے انصاف نہیں مل سکا۔
اس سلسلے میں، یو این او ڈی سی اور لیگل رائٹس فورم کے تعاون سے سینٹرل جیل کراچی میں چوتھے لیگل ایڈ اویئرنیس سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں یو این او ڈی سی کے نمائندگان اور لیگل رائٹس فورم کے ممبران نے جیل کے قیدیوں اور انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر قیدیوں کی تفصیلات اکٹھی کی گئیں اور مختلف قانونی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
قیدیوں کو یقین دلایا گیا کہ انتظامیہ کے تعاون سے ان کی رہائی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور جن قیدیوں کو مالی یا قانونی معاونت میسر نہیں ہے، ان کے لیے جلد ہی قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر مختلف قانونی پیچیدگیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تین قیدیوں کے کیسز کو فوری قانونی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ باقی قیدیوں کے لیے آگاہی سیشنز اور قانونی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی ریہیبلیٹیشن کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی عبدالکریم نے اس سیشن کے کامیاب انعقاد پر کہا کہ اس سے ان قیدیوں کو قانونی مدد فراہم کی جا سکے گی جو مختلف قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے ابھی تک رہائی سے محروم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو این او ڈی سی اور لیگل رائٹس فورم مستقبل میں قیدیوں کی ریہیبلیٹیشن کے لیے بھی کام کریں گے۔
منتظمین نے یقین دلایا کہ وہ انتظامیہ اور قیدیوں کے ساتھ مل کر اس نیک مقصد کے لیے بھرپور اور مؤثر طریقے سے کام کرتے رہیں گے تاکہ بے گناہ قیدیوں کی رہائی جلد ممکن ہو سکے۔