پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری میں بھتہ خوروں، ڈکیتوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ کے کمانڈر ایاز زہری کے گروپ سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب ملزمان—محمد ارسلان شہزاد عرف کروٹ، فرحان عرف جھاڑی، اور عبد المعیز عرف کٹا—کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری، ایس بی سی اے کی بے خبری
ملزمان بھتہ وصولی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ارسلان شہزاد عرف کروٹ 2020 میں یوسف عرف موٹا کے ڈکیت گروپ میں شامل ہوا اور 2022 تک مختلف ڈکیتیوں میں ملوث رہا۔ 2023 میں اس نے لیاری گینگ وار کمانڈر عبد الصمد عرف فرحان کے کہنے پر بھتہ وصولی کے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔
فرحان عرف جھاڑی 2017 سے راہزنی، گھروں میں ڈکیتی، اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور 2024 میں لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری کے گروپ میں شامل ہوا۔ عبد المعیز عرف کٹا بھی سنی تحریک کا سرگرم کارکن ہے اور 2023 میں ایاز زہری کے گروپ میں شامل ہوا۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔