تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون کی بارشوں کے بعد صوبائی حکومت اور محکمہ بلدیات مکمل طور پر حالات کو قابو میں رکھے ہوئے ہیں۔ پیر کے روز سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب حکومت کے دو ماہ کے لیے 45 ارب روپے خرچ کرنے کو سمجھ سے باہر قرار دیا اور کہا کہ یہ ریلیف محض ایک سیاسی دکھاوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دیا جانا چاہیے۔
اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ سے متعلق افواہوں پر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت، ایڈوائزری جاری
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ دادو میں بارش ہو رہی ہے اور دادو کینال میں پیدا ہونے والے شگاف کو جلد پر کر دیا جائے گا۔ اسی طرح جوہی میں بھی پانی کی نکاسی کے لیے تمام مشینری کام کر رہی ہے۔ سعید غنی نے سکھر میں حالیہ شدید بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 36 گھنٹوں میں پانچ بارش کے اسپیل آئے، جن میں تین اسپیل شدید تھے، جس کے نتیجے میں سکھر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ تاہم پانی کی نکاسی کے لیے محکمہ بلدیات پوری طرح فعال ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سکھر، نیو سکھر سٹی اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور سیاسی مخالفین کی جانب سے کی جانے والی غیر سنجیدہ باتوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کے تمام محکمے مون سون بارشوں کے دوران الرٹ ہیں اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دو ماہ کے لیے 45 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ اس کے بعد کیا ہوگا۔ انہوں نے سندھ حکومت کے بجلی کے منصوبوں کو روکنے کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
سعید غنی نے بارشوں کے دوران سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نئے بننے والی سڑکوں کے متاثر ہونے پر ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔