لاہور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تشکر نیوز کے مطابق جسٹس شکیل احمد نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔
سرکاری اداروں میں اعلی عہدوں پر تقرریوں کیلئے سخت ہدایات جاری
سماعت کے آغاز پر عد؛لت وفاقی حکومت کے وکیل کو متعلقہ اتھارٹیز سے ہدایات لے کر 12 بجے پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ یہ عوامی مفاد کی درخواست ہے، عدالت اس پر مناسب احکامات جاری کرے گی، میں ابھی فیصلہ محفوظ کررہا ہوں۔
اس پر وفاقی وکیل رانا نعمان نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ ہمیں انٹرنیٹ کی بندش پر تفصیلی رپورٹ فائل کرنے کی مہلت دی جائے، پی ٹی اے سے معلوم کرنا پڑے گا انٹرنیٹ کیوں سلو کیا ہوا ہے؟
بعد ازاں جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے آپ کو مناسب معلومات ہی نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں انٹرنیٹ کی حالیہ بندش اور تعطل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں بغیر نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اس بندش سے کاروبار حتیٰ کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہا ہے جبکہ انٹرنیٹ کی بندش بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
یاد رہے کہ 15 اگست کو ایوان بالا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک میں انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے کا مسئلہ 2 ہفتوں میں حل کرنے کی ہدایت کردی تھی۔
بعد ازاں گزشتہ روز فری لانسنگ پلیٹ فارم فائیور نے اپنے صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ کے ممکنہ تعطل کی شکایات موصول ہونے کے بعد پاکستان میں متعدد اکاؤنٹ کو غیر فعال کردیا تھا۔