کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹاؤن پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اور رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اگر کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رہا، تو دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پیر کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوم استحصال جموں و کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد خطاب اور میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ دنیا کے دو خطے، فلسطین اور کشمیر، ایسے ہیں جہاں لوگ ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ انسانی حقوق کے چیمپئنز اکثر چھوٹی باتوں پر آواز اٹھاتے ہیں، لیکن فلسطین اور کشمیر کے حقوق پر خاموش رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا، جس کے بعد ظلم کی ایک نئی لہر چلی۔ نمائش میں شامل تصاویر میں بزرگ، بچے، اور جوان مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اور کشمیر کے لوگ بڑی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں کی ہلاکت اور 6 ہزار سے زائد کشمیریوں کی گمشدگی کے باوجود، کشمیر میں جدوجہد جاری ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ ہر سال 5 اگست کو یوم استحصال جموں و کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کو یہ احساس دلانا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مظالم جاری رہے تو دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا اور عالمی طاقتوں کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہیے۔
بارشوں کے حوالے سے، سعید غنی نے کہا کہ بارش صرف ایک موسمی بات نہیں ہے، اور ترقی یافتہ ممالک میں بھی اس کے بعد مشکلات آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بارشیں زیادہ ہوئیں تو عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن بلدیاتی نمائندے اور ملازمین ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے سڑکوں کی خرابی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے خراب ہونے پر کنٹریکٹرز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔