سوئی سدرن گیس کی جانب سے کل صبح سے پیر کی صبح تک شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔
تشکر نیوز کے مطابق سوئی سدرن گیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کل 24 انچ قطر کی 31 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن پائپ لائن کو سسٹم سے جوڑا جائے گا، جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں 28 جولائی بروز اتوار صبح 5 بجے سے 29 جولائی بروز پیر صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی بند رکھی جائے گی۔
ترجمان سوئی سدرن کی جانب سے زحمت سے بچنے کے لیے گیس صارفین سے عارضی بندش کے دوران متبادل ایندھن کا بندوست کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کرم ایجنسی: زمین کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان جھڑپیں، 11 جاں بحق، 60 زخمی
کراچی کے جن علاقوں میں کل گیس بند رہے گی ان میں سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی کے تمام سیکٹرز کے علاوہ منگھو پیر ٹاؤن، قصبہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن کے تمام سیکٹرز، نارتھ ناظم آباد کے تمام بلاکس شامل ہیں۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق فیڈرل بی ایریا کے تمام بلاکس، گلبرگ، بفرزون، سائیٹ انڈسٹریل ایریا، بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن، اور ماڑی پور کے علاقے بھی متاثر ہوں گے، جب کہ گلشن معمار، احسن آباد، جہنجھار گوٹھ اور سائیٹ سپر ہائی وے اور اطراف میں گیس کی فراہمی بھی معطل رہے گی۔
غیر قانونی کنکشن کے خلاف آپریشن
دوسری جانب، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے غیر قانونی گیس کنکشن کے خلاف آپریشن تیز کردیا، پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مزید 30 گیس کنکشن منقطع کرکے 19 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیئے گئے۔
ترجمان سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا تھاکہ لاہور اور فیصل آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر نوگیس کنکشن منقطع کئے اور 13 لاکھ کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملتان اور بہاولپور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 17 اور شیخوپورہ ،گوجرانوالہ میں 4 کنکشن منقطع کرکے 6 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ہیں۔