تشکر نیوز: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر مفتاح اسمعیل کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔ تشکر نیوز کے مطابق سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی جیل ٹرائل مصروفیات کے باعث ملتوی کی گئی۔
شاہد خاقان عباسی اور ان کے صاحبزادے عبداللہ خاقان نے احتساب عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی جبکہ مفتاح اسمعیل کی جانب سے پلیڈر چوہدری سفیر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
بعد ازاں عدالتی عملے نے بتایا کہ آج جج ناصرجاویدرانا بانی پی ٹی آئی کے خلاف ٹرائل میں اڈیالہ جیل میں مصروف ہیں چنانچہ ایل این جی ریفرنس پر سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی 2019 کو قومی احتساب بیورو نے مائع قدرتی گیس کیس میں گرفتار کیا تھا اور انہیں فروری 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اس وقت قواعد کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کے لیے 15 سال کا ٹھیکہ دیا، یہ ٹھیکہ اس وقت دیا گیا تھا جب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور حکومت میں شاہد خاقان عباسی وزیر پیٹرولیم تھے۔
بعد ازاں 3 دسمبر 2019 کو نیب نے احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس دائر کیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر شیخ عمران الحق اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سابق چیئرمین سعید احمد خان سمیت 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔